رنگ روڈ رپورٹ پر انکوائری نہیں گرفتاریوں کی ضرورت ہے: مریم اورنگزیب

May 15, 2021

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ رنگ روڈ تحقیقاتی رپورٹ کے بعد بلاامتیاز انکوائری نہیں گرفتاریوں کی ضرورت ہے۔

رنگ روڈ اسکینڈل فیکٹ فائینڈنگ رپورٹ پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ رنگ روڈ اسکینڈل بے ضابطگیوں کا نہیں، بلکہ 25 ارب سے زائد کا ڈاکہ ہے۔

انہوں نےکہا کہ عمران خان اور عثمان بزدار کو این آر او نہیں ملے گا، انکوائری رپورٹ آنے کے بعد عمران صاحب، عثمان بزدار اور تمام ذمے داروں کو گرفتار کیا جائے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب اور عثمان بزدار رنگ روڈ اسکینڈل کے مجرم ہیں، ان کے ہوتے ہوئے بلا امتیاز انکوائری نہیں ہوسکتی، البتہ مافیاز کی سہولت کاری ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب ایک طرف شہباز شریف پر مقدمے بنواتے ہیں، ای سی ایل میں نام شامل کراتے ہیں، دوسری طرف شہباز شریف کے بنائے ہوئے منصوبے تبدیل کر کے ”رینٹ سیکرز“ کو فائدہ دیتے ہیں۔

ترجمان نون لیگ نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے اربوں روپے کے منصوبے لگائے اور عمران صاحب کو کرپشن کا دھیلہ نہیں ملا۔

مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز شریف کا منصوبہ ری الائین کر کے ڈاکہ ڈالا گیا، عمران صاحب کے اپنے فیصلوں اور دستخطوں سے آٹا، چینی، ایل این جی، دوائی چوری ہوئی، انکوائری کمیشن کا ڈرامہ کیا گیا۔