مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح اور دو ٹوک ہے، شاہ محمود

May 15, 2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح اور دو ٹوک ہے، وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر کو موجودہ صورتحال میں مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔

شاہ محمود قریشی سے سوڈان کی وزیرخارجہ مریم الصادق المہدی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اسرائیلی جارحیت اور فلسطین کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میرا کل فلسطین کے وزیرخارجہ سے رابطہ ہوا ہے، میں نے فلسطین کے وزیرخارجہ کو پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین پر عالمی فورمز پر مشترکا کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔