گجر نالے کی صفائی کا کام شروع نہ ہوسکا

May 16, 2021


کراچی میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود گجر نالے کی صفائی کا کام بھی شروع نہ ہوسکا، جبکہ محمود آباد نالے کی توسیع کا کام بھی تاحال مکمل نہیں ہوسکا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر قائد میں آئندہ 4 روز کے دوران تیز بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے تاہم اس کے باوجود انتظامیہ کان پر جوں تک نہ رینگی اور شہر میں موجود گجر نالے کی صفائی کا کام شروع نہیں ہوسکا ہے۔

اس کے علاوہ شہر میں موجود محمود آباد نالے کی بھی نہ تو صفائی شروع ہوسکی ہے اور نہ ہی اس کی توسیع کا کام مکمل ہوا ہے۔

شہر میں متوقع بارشوں سے محمود آباد نالے اور گجر نالے کے اطراف کے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں 18سے 20 مئی تک ممکنہ طوفانی ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پرہائی الرٹ کردیا گیا، اس سے متعلق سول ایوی ایشن نے سرکلر بھی جاری کردیا ہے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے زیر تعمیر عمارتوں کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ تمام بلڈرز زیر تعمیر عمارتوں میں حفاظتی اقدامات کرلیں۔

پاکستان ریلوے نے سمندری طوفان ’ٹاؤٹے‘ کے خطرے کے پیش نظر کراچی ڈویژن میں 3 کنٹرول روم قائم کردیئے ہیں۔

کراچی میں سینٹرل کنٹرول روم جبکہ کوٹری اور حیدرآباد میں سب کنٹرول روم کئے گئے ہیں، جن کی نگرانی ڈی ٹی او کراچی اسحاق بلوچ کریں گے۔