ادریس البا نے بھی فلسطین میں جاری ’خونریزی‘ روکنے کا مطالبہ کردیا

May 17, 2021

معروف برطانوی اداکار ادریس البا نے فلسطین میں جاری درندگی اور خونریزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں اس سے پہلے کہ مزید جانی نقصان ہو۔

اداکار ادریس البا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی دنیا کو معاملے میں مداخلت کرنے پر زور دیا ہے۔

اداکارادریس البا نے لکھا کہ ’بہت ساری زندگیاں ضائع ہو رہی ہیں ابھی ان میں سے کچھ تو ہمارے علم میں ہی نہیں ہیں۔‘


انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ وہ سفاکی اور خونریزی ہے جس نے اُنہیں تشویش کا اظہار کرنے پر مجبور کر دیا ہے، اسے روکنا ہوگا، اس سے پہلےکہ مزید جانی نقصان ہو، اس معاملے میں مداخلت کرنے کی ضرورت ہے۔‘

اداکار نے اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے لکھاکہ ’ہم جانتے ہیں کہ لوگوں کی طاقت تبدیلی لاسکتی ہے، امن کے لیے بات چیت ہونی چاہیے، فلسطین میں خونریزی کو بند کیا جائے۔‘

واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید افراد کی تعداد 209 ہو گئی ہے جبکہ 1200 سے زائد زخمی ہیں، ان حملوں میں فلسطینیوں کے سیکڑوں مکانات اور دیگر املاک تباہ ہو چکے ہیں۔