وزیر اعظم نے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل نو کردی

May 17, 2021

وزیر اعظم عمران خان نے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیلِ نو کردی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو ایکنک کا چیئرمین مقرر کردیا گیا۔

کابینہ ڈویژن نے ایکنک کی تشکیل نو کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزراء اسد عمر، حماد اظہر، خسرو بختیار ایکنک کے ارکان میں شامل ہیں۔

پنجاب سے وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت ایکنک کے رکن مقرر کردیئے گئے، سندھ سے نثار احمد کھوڑو ایکنک کے رکن ہوں گے۔

خیبر پختونخوا سے تیمور سلیم جھگڑا ایکنک کے رکن مقرر کردیئے گئے، جبکہ بلوچستان سے وزیر مواصلات نوابزادہ طارق خان مگسی ایکنک کے رکن ہوں گے۔