متفقہ قرارداد سے پاکستان کا وقار بلند ہوگا، شاہ محمود

May 17, 2021


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ قائد حزب اختلاف نے مسئلہ فلسطین پر جن جذبات کا اظہار کیا ہے اسے سراہتا ہوں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ متفقہ قرار داد سے پاکستان کا وقار بلند ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے اپنا موقف دو ٹوک انداز میں پیش کردیا ہے، پاکستان کے موقف کو سراہا گیا ہے۔

اس سے قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج سب سے بڑا امتحان پاکستان اور اسلامی دنیا کا ہے، اس امتحان کا تقاضا یہ ہے کہ اسلامی ممالک کی قیادت اپنے عوام کے جذبات کی بھرپور عکاسی کرے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف اور اتحادیوں کی حکومت قوم سے وعدہ کرتی ہے کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے ، سلامتی کونسل کے تمام ارکان کو قائل کرچکے تھے، امریکا نے اپنے ویٹو کے استعمال سے مشترکہ بیان کی راہ میں رکاوٹ ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس بلایاجائے ، جنرل اسمبلی اجلاس کو ویٹو نہیں کیا جاسکتا ۔

شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ملکوں کی قیادت وقت ضائع کیے بغیر اکٹھی ہو، اگر آج ہم نے آواز نہیں اٹھائی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج ایوان نے نہتے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر عوام کے جذبات کی ترجمانی کرنی ہے۔