فلسطینی علاقوں میں جاری تشدد پر او آئی سی کو گہری تشویش ہے، عصمت جہاں

May 17, 2021

یورپی یونین میں اسلامی تعاون تنظیم کی سفیر عصمت جہاں نے کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں بشمول مشرقی یروشلم میں جاری تشدد او آئی سی کیلئے گہری تشویش کا باعث ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں جنگ کی جانب سے فلسطین کی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے سربراہ سعودی عرب کی قیادت میں اس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وزرائے خارجہ کی سطح پر منعقد ہونے والے اجلاس نے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی قابض حکام کے بار بار حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اس کے ساتھ ہی او آئی سی اسرائیلی قبضے کے مقابلے میں فلسطینی عوام کے تاریخی موقف کی ہمیشہ حمایتی رہی ہے۔

عصمت جہاں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے تازہ حملے جن میں سیکڑوں افراد ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں، اور شہری املاک کو بھی وسیع پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا ہے، یہ وحشیانہ اقدامات بین الاقوامی انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انھوں نے کہا کہ او آئی سی کا موقف ہے کہ ان غیر قانونی اقدامات کو ہر سطح پر چیلنج کیا جانا چاہئے۔