پارلیمنٹ ڈائری، فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کیخلاف صدائے احتجاج بلند

May 18, 2021

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار) موجودہ قومی اسمبلی کی عمر عزیز میں یہ اچھوتا دن تھا کہ حکومت اورحزب اختلاف نےکامل یکجہتی اور مکمل مفاہمت کے ذریعے پہلے دن کی کارروائی کو انجام دیا اس دوران پورا وقت فلسطینی عوام پر اسرائیل کے مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی جاتی رہی رواں سال کے دوران گزشتہ ماہ کے اواخر میں طویل حراست کے بعد ر ہائی پانے و الے قائد حزب اختلاف شہباز شریف پہلی مرتبہ ایوان میں رونق افروز ہوئے اور فلسطین کی صورتحال پر بحث میں ایوان کی پیشوائی کی انہوں نے اپنی تقریر کے سبھی نکات کو زیر غور موضوع تک ہی محدود رکھا تاہم اسپیکر اسد قیصر کو یاد دلایا کہ انہوں نے فیٹف پر جاری بحث میں انہیں اظہار خیال کاموقع دینے سے محروم رکھا حالانکہ روایت کے مطابق قائد حزب اختلاف جب بات کرناچاہیں توا سپیکر انہیں گفتگو کے لئے موقع دینے کامکلف ہوتا ہے ۔