فلسطین پر اسرائیلی حملوں کیخلاف سول سوسائٹی کااحتجاجی مظاہرہ

May 18, 2021

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے خلاف پیر کو نیشنل پریس کلب کے با ہر سول سوسائٹی نے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئےاحتجاجی مظاہرہ کیا جس میں نوجوانوں اور خواتین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سماجی رہنما طاہرہ عبداللہ نے کہاکہ ہم یہاں جمع ہو کر اپنا فرض نبھا رہے ہیں ۔ انہوں نے استفسار کیا کہ او آئی سی کہاں ہے، خلیجی ممالک نے بلین ڈالر زکن کے لئے خرچ کئے ہیں ۔ انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کئے جا رہے ہیں مگر انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کہاں ہیں، اقوام عالم کہاں ہے۔ سماجی رہنما فرزانہ باری نے کہا کہ دنیا میں فلسطینیوں کے لئے کوئی آواز نہیں اٹھ رہی۔ ہمیں ان کے لئے آواز بلند کرنا ہو گی۔ عوامی ورکرز پارٹی کے عاصم سجاد نے کہاکہ ہمارے حکمرانوں نے کچھ بھی نہیں کیا ہم سامراجی نظام کے خلاف ہیں، فلسطین کی آزادی تک جنگ رہے گی۔ عمار رشید ، عون المنتظر، حدا بھگڑی اور ثمرنے مطالبہ کیاکہ غزہ کے اندر امداد اور میڈیا کو آنے جا نے کی اجازت دی جا ئے ۔