محکمہ خوراک کا گرانفروشوں کیخلاف آپریشن‘ 21گرفتار

May 19, 2021

پشاور( وقائع نگار) محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 21 افراد کو گرفتار کرلیاراشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے مسکین آباد‘ نوتھیہ‘ گلبرگ‘ حیات آباد اور کارخانوں میں اشیائے خوردونوش کی دکانوں میں معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر محکمہ خوراک کے افسران نے 21 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں 13 نانبائی اور آٹھ دودھ فروش شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ پوائنٹس مالکان دکانوں میں سرکاری نرخنامے کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے سمیت اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر گرانفروشی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوںنے محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں لائیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے