عمران خان مشرف کے ہدف کے تعاقب میں ملک کو تباہی کیجانب لے جارہے ہیں: بلاول بھٹو

May 23, 2021


چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہعمران خان کے محسن ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے دور میں شرح غربت 50 فیصد تھی اور اب عمران خان مشرف کے ہدف کے تعاقب میں ملک کو تباہی کی جانب لے جارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا میں جب معاشی بحران آیا اس وقت بھی ملکی معیشت کا اتنا برا حال نہیں تھا جتنا اب ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کے بڑھتے قدم نہ رکے تو وہ گھر گھر معاشی بدحالی کی آگ لگا دیں گے، عمران خان معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کر شوکت عزیز اور پرویز مشرف کی طرح باہر چلے جائیں گے۔

اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو اپنے معاشی جرائم پر عام آدمی سے معافی مانگنا ہوگی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بیرون ملک سے سخت شرائط پر بھاری قرضے لیے جارہے ہیں، عمران خان کی کابینہ کرپشن میں ملکی خزانے کا پیسہ اڑا رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کاجرم صرف منہگائی نہیں بلکہ منہگائی مافیاکی سرپرستی کرنا بھی ہے، دوسروں پر الزامات لگانے والے عمران خان اپنے گریبان میں جھانکیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ عوام عمران خان کے معاشی جرائم پر انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔