پاکستان: کورونا سے مزید 92 اموات، کل ہلاکتیں 20400

May 25, 2021


سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں سے پاکستان میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں پھر سے اضافہ جاری ہے۔

کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ملک 29 ویں پر ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 253 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 92 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 2 ہزار 783 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح تقریباً 5 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار 400 ہو گئی ہے، جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 5 ہزار 852 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 62 ہزار 295 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 723 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 8 لاکھ 23 ہزار 157 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 46 ہزار 726 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 28 لاکھ 84 ہزار 544 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2 لاکھ 8 ہزار 64 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی جبکہ اب تک کُل 53 لاکھ 58 ہزار 808 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 3 لاکھ 35 ہزار 577 ہو گئی، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 9 ہزار 839 ہو چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 10 ہزار 557 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 4 ہزار 936 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 30 ہزار 187 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں اب تک کُل اموات 3 ہزار 970 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 80 ہزار 529 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 746 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 24 ہزار 638 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 270 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 18 ہزار 852 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 532 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 5 ہزار 512 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 107 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔