آئندہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو ملک کیلئے بہتر نہیں ہوگا، رانا ثنا اللہ

May 30, 2021

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم انتخاب میں جانے کی بات کرتے ہیں بندوق اٹھانے کی نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران رانا ثنااللہ نے کہا کہ ملک میں شفاف الیکشن کے لیے جدوجہد کریں گے، آئندہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو ملک کیلئے بہتر نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت احتجاج کا جمہوری حق استعمال کریں گے، ملک میں صاف شفاف الیکشن کا کہنا مزاحمت ہے تو یہ ہوتی رہے گی۔

ن لیگ پنجاب کے صدر نے مزید کہا کہ عوام کے ووٹ کا احترام کا کہنا، اگر مزاحمت ہے تو یہ ہم کرتے رہیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم انتخاب میں جانے کی بات کرتے ہیں بندوق اٹھانے کی بات نہیں کرتے۔

رانا ثنا اللہ نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ کے اجلاس میں معاملات طے نہ ہوں تو نواز شریف سے منظوری لی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے اجلاس میں جو فیصلہ ہوگا اس کی منظوری نواز شریف دیں گے۔

ن لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ حالات اب پچھلے دو سال سے بھی زیادہ خراب ہیں، آئندہ انتخابات میں یہ لوگ مہم نہیں چلا سکیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ فیٹف پر اپوزیشن نے قومی مفاد میں بات کی، بعد میں این آر او کے طعنے دیے گئے، یہ بجٹ پچھلے بجٹ سے زیادہ تباہی لائے گا، یہ سبز باغ دکھا رہے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم نے کہا ہے کہ افغانستان سے متعلق معاملہ پارلیمنٹ میں لے کر آئیں۔