ٹیکنالوجی پر مبنی الیکشن اصلاحات بل لے کر اسمبلی جائیں گے، بابراعوان

June 07, 2021

مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا ہے کہ آج ٹیکنالوجی پر مبنی الیکشن اصلاحات بل لے کر اسمبلی جائیں گے۔

بابر اعوان نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکٹرانک ووٹنگ اور آئی ووٹنگ سے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کو کہا، الیکشن کمیشن نے رولز بنائے لیکن اس حوالے سے قانون موجود نہیں تھا۔

بابر اعوان نے کہا کہ اس حوالے سے ہم آرڈینس لائے ، الیکشن کمیشن 2023 کے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کرائے، ہم اس آرڈیننس کو آج اسمبلی میں لے کر جا رہے ہیں، حکومت اس معاملے میں سختی کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔

مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے3 حصے ہیں، یہ دھاندلی آر او کی تقرری سے ہوتی ہے جو اس ہی ضلع سے تعینات ہوتے ہیں، ہم آر او کی تعیناتی کے اسی ضلع سے تعیناتی کے معاملے کو تبدیل کریں گے۔

بابر اعوان نے کہا کہ نتائج کی تیاری میں دھاندلی کا علاج بھی ٹیکنالوجی کے ذریعے کر رہے ہیں ، ہم ٹیکنالوجی پر مبنی الیکشن اصلاحات بل لے کر جائیں گے، قومی اسمبلی میں اکثریت ہے سینیٹ میں بھی آسانی سے پاس کر سکتے ہیں۔