مانگے 100 روپے ملا 1 روپیہ، ڈی ایس سکھر کا چیف انجینئر کو جواب

June 07, 2021

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ریلوے سکھر طارق لطیف نےچیف انجینئر ریلوے ہیڈ کوارٹر پر جوابی حملہ کردیا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں طارق لطیف نے کہا کہ چیف انجینئر نے مراسلے میں لکھا کہ یہ سامان آپ کو دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سامان تو ڈھائی کروڑ روپے کا مانگا تھا، 5 سال میں صرف 20 لاکھ کا سامان دیا گیا۔

ڈی ایس ریلوے سکھر نے مزید کہا کہ مانگے 100 روپےگئےاور ملا ایک روپیہ تو 100 کا کام ایک روپے میں نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کھیل نہیں، ہزاروں لوگوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوتی ہیں، جس کرب سے ہم گزر رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے۔

طارق لطیف نے یہ بھی کہاکہ کراچی ایکسپریس حادثے کی انکوائری کرنے والوں کے خلاف چند رپورٹیں کرچکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انکوائری کرنے والے کو لکھ کردیا کہ آپ انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرسکتے اس لیے انکوائری کسی اور سے کروائی جائے۔

ڈی ایس ریلوے سکھر نے کہا کہ ڈاؤن ٹریک 12 بجے تک بحال ہوسکتا ہے جبکہ 300 فٹ اپ ٹریک کی بحالی کا کام بعد میں شروع کیا جائے گا، جس کی بحالی میں صبح یا دوپہر ہوسکتی ہے۔