وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

June 08, 2021

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس، نوری آباد پاور پلانٹ کے غیر قانونی ٹھیکوں اور مبینہ منی لانڈرنگ کے ریفرنس میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کیلئے 30 جون کی تاریخ مقرر کر دی۔

عدالت نے وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

احتساب عدالت اسلام آباد نے شریک ملزم محمد علی کو بذریعہ اشتہار طلبی کے باوجود عدم حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا اور اشتہاری ملزم کے دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیئے۔

نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ شریک ملزم محمد علی بیرونِ ملک روپوش ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے حکم دیا کہ ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالا اور اس کا شناختی کارڈ بلاک کیا جائے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے آج ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوں۔