• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریفرنس کے 68 والیوم ہیں، اتنے کا تو پاور پلانٹ نہیں تھا،وزیر اعلیٰ سندھ

جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوگئے، اور کہا کہ ریفرنس کے 68 والیوم ہیں، اتنے کا تو پاور پلانٹ نہیں تھا۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج سید اصغر علی نے جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس کی سماعت کی ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر ملزمان کو ریفرنس کی نقول تقسیم کی گئی۔

جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس میں عبدالغنی مجید ،دیگر ملزمان نے ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جو ملزمان پیش نہیں ہو رہے عدالت ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرے۔

احتساب عدالت میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف نوری آباد پلانٹ کے غیر قانونی ٹھیکوں کا نیب ریفرنس دائر ہے، مراد علی شاہ نے عدالت میں بتایا کہ ریفرنس کے 68 والیوم ہیں، اتنے کا تو پاور پلانٹ نہیں تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ کامیاب منصوبہ ہے جو کراچی کو بجلی فراہم کر رہا ہے اس پر ریفرنس بنایا گیا ہے۔

عدالت نے ایک غیر حاضر ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ عدالت نے فرد جرم عائد کرنے سے قبل تمام ملزمان کو حاضری مکمل کرنے کی ہدایت کر رکھی تھی۔

تازہ ترین