شاہ لطیف ٹاؤن تھانے پر 150شرپسندوں کا حملہ

June 09, 2021

کراچی میں شاہ لطیف ٹاؤن تھانے پر 150شرپسندوں کے حملے میں پتھر اور لاٹھیاں لگنے سے 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس کی فائرنگ سے زخمی حملہ آور سمیت 5ملزمان گرفتار ، شاہ لطیف ٹاؤن تھانے پر مختلف تھانوں کی نفری تعینات کردی گئی۔

پولیس کے مطابق 100سے 150شرپسندوں نے شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے باہر مظاہرہ کیا، مظاہرین سپر ہائی وے پر ہونے والی ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

مظاہرین نے اس دوران فائرنگ کی اور پولیس پر پتھراؤ اور ڈنڈوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے 4پولیس اہلکار ڈنڈے اور پتھر لگنے سے زخمی ہوگئے جنہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے زخمی ملزم سمیت 5 کو گرفتار کرلیا گیا۔

ملیر ضلع کے مختلف تھانوں کی نفری نے پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کر دیا، شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے باہر مختلف تھانوں کی نفری تعینات ہے۔