کینیڈا میں اسلاموفوبیا کسی صورت قبول نہیں: کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور

June 09, 2021

کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے کینیڈا میں پاکستانی خاندان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں اسلاموفوبیا کسی صورت قبول نہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ پوری اونٹاریو کمیونٹی مسلمانوں کے دُکھ میں برابر کی شریک ہے۔

کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈا میں کسی بھی صورت میں اسلاموفوبیا قابلِ قبول نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اتوار کے روز 46 سالہ سلمان افضال، 74 سالہ طلعت افضال، 44 سالہ مدیحہ سلمان، 15 سالہ یمنیٰ افضال گھر سے شام میں چہل قدمی کیلئے نکلے تو مذہبی تعصب میں مبتلا دہشتگرد نے انہیں ٹرک سے روند دیا۔

اونٹاریو میں پاکستان سے 14 برس قبل ہجرت کر کے کینیڈا منتقل ہونے والے خاندان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تعزیتی تقریب میں لندن مسلم مسجد کے باہر ہزاروں کی تعداد میں ہر رنگ ، نسل اور مذہب کے افراد شریک ہوئے۔

مسجد کے باہر منعقد تعزیتی تقریب میں وزیراعظم ٹروڈو اور اپوزیشن لیڈروں نے پہلی بارایک ساتھ شرکت کی۔