پی سی بی فیوچر ٹور پروگرام بنانے میں مصروف،بھارت کا نام خارج

June 11, 2021

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان 2024 سے اگلے آٹھ سال کے لئےفیوچر ٹور پروگرام کو بنانے میں مصروف ہے، اس میں ایک بار پھر روایتی بھارت کے ساتھ کوئی سیریز نہیں ہے ۔ 2007 کے بعد سے دونوں ممالک کی کوئی باہمی سیریز نہیں ہوئی۔ کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ کم ازکم تین ٹیسٹ کی سیریز رکھی جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے پی سی بی کی گذشتہ تین دن کے دوران فیو چر ٹور پروگرام کی پلاننگ کے مطابق ٹیسٹ کھیلنے والے دیگر ملکوں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، آئر لینڈ کو نظر انداز نہیں کیا گیا ہے البتہ بڑے ملکوں کے ساتھ گذشتہ سائیکل کے مقابلے میں اس بار تین ٹیسٹ کی سیریز رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔گذشتہ سائیکل میں پاکستان کی زیادہ تر سیریز دو ٹیسٹ کی تھیں۔ بھارت کو فیوچر ٹور پروگرام میں نہ رکھنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستان اپنے کمرشل پارٹنرز کے ساتھ جو ڈیل کرے گا اس میں بھارت شامل نہیں ہوگا۔ فیوچر ٹور پروگرام میں پاکستان دیگر ملکوں سے براہ راست میٹنگ کرکے سیریز کو حتمی شکل دے گا۔ مزید پیش رفت آئی سی سی میٹنگ کے دوران ہوں گی۔