منشیات کے نجی بحالی مرکز میں نوجوان کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل

June 11, 2021

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ اظہر اکرم نے منشیات کے عادی افراد کیلئے قائم نجی بحالی مرکز میں مبینہ تشدد سے نوجوان کے ہلاکت کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی،پولیس نے نوجوان کی ہلاکت کے معاملے میں بحالی مرکز کے مالک سمیت چار افرادکو گرفتار کیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر واقع منشیات کے عادی افراد کیلئے قائم نجی بحالی مرکز میں مبینہ تشدد سے نوجوان محمد حسیب جاں بحق ہوا تھا پولیس کے مطابق محمد حسیب کو نشہ کی لت میں مبتلا ہونے پر نجی بحالی مرکز میں داخل کیا گیا تھا،ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظہر اکرم نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ منشیات کے عادی نوجوان کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں معاملے کی تحقیقات کے حوالے سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ٹیمیں نوجوان کی ہلاکت کے معاملے کی مختلف پہلووں سے تحقیقات کریں گی،انہوں نے کہا کہ دیکھا جائے گا کہ نوجوان کی ہلاکت کن حالات میں اور کیسے ہوئی،انہوں نے بتایا کہ نوجوان کی ہلاکت کے معاملے میں بحالی مرکز کے مالک سمیت چار افرادکو گرفتار کیا گیاہے ۔ دوسری جانب مقتول کے بھائی محمد حسنین نے کہا ہے کہ اس کے بھائی کے جسم پر تشدد اور جلنے کے نشانات تھے محمد حسیب کو بحالی مرکز کے ملازمین نے تشدد اور جلا کرقتل کیا ہے پولیس نے ہلاک ہونے والے نوجوان کی میت پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی جسے بعدازں کوئٹہ کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔