سلمان خان میرے پسندیدہ اداکار ہیں: شعیب اختر

June 11, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے کہا ہے کہ بھارت میں سلمان خان اُن کے پسندیدہ اداکار ہیں۔

حال ہی میں شعیب اختر نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے مداحوں کے لیے سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں دُنیا بھر میں موجود شعیب اختر کے مداحوں نے اُن سے مختلف سوالات کیے۔

سوال و جواب کے اس سیشن کے دوران ایک مداح نے شعیب اختر سے پوچھا کہ ’بھارت میں آپ کا پسندیدہ اداکار کون ہے؟‘

مداح کے سوال کے جواب میں شعیب اختر نے بالی ووڈ کے چُل بُل پانڈے سلمان خان کی فلم کے ایک منظر کی تصویر شیئر کی۔

شعیب اختر نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارت میں سلمان خان میرے پسندیدہ اداکار ہیں۔‘

واضح رہے کہ1988 میں اداکاری کی شروعات کرنے والے سلمان خان کو آج دنیا سپراسٹار ہونے کے علاوہ، پروڈیوسر اور گلوکار کے طور پر بھی جانتی ہے۔ اپنے کیریئر میں سلمان خان کئی ایوارڈز بھی جیت چکے ہیں۔