جی سیون نے غریب ملکوں کیلئے ویکسین کی ایک ارب خوراکیں فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا

June 14, 2021

لندن (جنگ نیوز) جی سیون سمٹ میں شریک ممالک نے غریب ممالک کے لیے کووڈ ویکسین کی ایک بلین خوراکیں فراہم کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اظہار برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے سمٹ کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رکن ممالک40ملین سے زائد لڑکیوں کو اسکول کی تعلیم دینے کے لیے مدد فراہم کردیں گے، کیونکہ بچوں خصوصاً لڑکیوں کو تعلیم یافتہ بناکر غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ میں شریک لیڈرز نے گلوبل پارٹنر شپ فار ایجوکیشن کے لیے رقم کی فراہمی پر آمادگی ظاہر کی ہے اور برطانیہ اس ضمن میں430ملین پائونڈ فراہم کرے گا۔ بورس جانسن نے کہا کہ عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں جی سیون ممالک کا20فیصد حصہہ ہے اور ماحولیاتی آلودگی کی بہتری کے لیے یہ ممالک نہ صرف تیزی سے کام کریں گے بلکہ غریب ممالک کی اس ضمن میں مدد بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کے خاتمے لیے برطانیہ میں تیار کی جانے والی آسٹرا زینیکا ویکسین انتہائی مقبول ہے کیونکہ یہ بغیر کسی منافع کے بعد فروخت کی جاتی ہے۔ لاک ڈائون کے خاتمے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ کوئی بھی فیصلہ ڈیٹا کی بنیاد پر کیا جائے گا، کارنوال میں ہونے والا یہ جی سیون سمٹ پہلا نیٹ زیرو سمٹ تھا جس میں رکن ممالک کے علاوہ یورپی یونین اور چند دیگر ممالک بھی شریک تھے۔