موقع ملا تو ہانیہ اور عاصم کی صلح کرواؤں گا: علی عباس

June 14, 2021

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے نئے اُبھرتے ہوئے باصلاحیت اداکار علی عباس نے کہا ہے کہ اُنہیں اگر کبھی موقع ملا تو وہ ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے درمیان صلح کروائیں گے۔

حال ہی میں اداکار علی عباس نے جیو نیوز کے پروگرام ’جشنِ کرکٹ‘ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے میزبان شہزاد اقبال کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

دورانِ پروگرام علی عباس نے ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کے تنازعے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے ہانیہ عامر اور عاصم اظہر دونوں ہی اپنی جگہ پر بالکل درست ہیں۔‘

علی عباس نے کہا کہ ’میں چونکہ وکالت پڑھ چکا ہوں تو اگر کبھی اللّہ تعالیٰ نے مجھے موقع دیا تو میں ہانیہ اور عاصم کے درمیان جاری تنازعے کو ختم کرنے کے لیے اُن کی صلح کروانا پسند کروں گا۔‘

اداکار نے سیاستدانوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ہمیشہ سے ہی شہباز شریف بہت پسند ہیں کیونکہ مجھے اُن کا تقاریر کرنے کا انداز بہت پسند ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے تعلیم کے حوالے سے بتایا کہ ’میں نے وکالت کی ڈگری حاصل کی ہے اور اس شعبے میں ایک سال پریکٹس بھی کرچکا ہوں۔‘

علی عباس نے کہا کہ ’آصف زرداری ایک اسمارٹ سیاستدان ہیں لہٰذا اگر کبھی موقع ملا تو میں ضرور اُن کے حق میں مقدمہ لڑوں گا۔‘

اداکار نے مزید کہا کہ ’میں کرکٹ کا بہت بڑا مداح ہوں، اس بار پاکستان سپُر لیگ میں لاہور قلندرز کو سپورٹ بھی کررہا ہوں اور مجھے اُمید ہے کہ پی ایس ایل 6 کی ٹرافی لاہور قلندرز اپنے نام کرے گی۔‘

یاد رہے کہ اداکار علی عباس جیو انٹرٹینمنٹ کے کئی سُپر ہٹ ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھا چکے ہیں، اُن کی حالیہ مقبول ترین ڈرامہ ’فطرت‘ تھا۔