اسکاٹ لینڈ میں انڈین کورونا وائرس سے بحالی کے منصوبوں کو شدید نقصان

June 15, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) کورونا کی انڈین قسم ڈیلٹا نے اسکاٹ لینڈ میں کورونا سے بچائو کی صورت حل کو بدتر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور بحالی کے پروگرام کو8سے10ہفتے تک نقصان پہنچا یاہے۔ اسکاٹ لینڈ کے نیشنل کلینیکل ڈائریکٹر پروفیسر جیسن لیچ نے کہا کہ کورونا کی انڈین قسم اتنی طاقتور اور خطرناک ہے کہ پہلی ویکسین میں اس سے صرف30فیصد تحفظ دیتی ہے۔اس سے موثر طور پربچاؤ کے لئے دونوں خوراکیں ضروری ہیں جس سے 85فیصد تک تحفظ ملتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جن افراد کو ابھی پہلی خوراک دی جانی ہے اس میں اگر مزید چار ہفتوں کی تاخیر کردی جائے تو برطانیہ بھر میں نو ملین افراد کو دوسری خوراک مہیا کی جاسکتی ہے لیکن حکومت کی پوری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو ویکسین دینے میں تاخیر نہ ہو۔ پروفیسر جیسن لیچ کا کہنا ہے کہ کورونا سے حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا، چہرہ اور ہاتھ دھونا ابھی بھی پوری طرح مددگار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی اسکاٹ لینڈ میں دس ہزار افراد ایسے ہیں جن کو کورونا کا مرض لاحق ہے لیکن ان کی اکثریت اس بات سے بے خبر ہے، ممکن ہے کہ وہ لوگ آپ کے گھر میں ہی رہ رہے ہوں یا پھر کہ پب میں آپ کے ساتھ ٹیبل پر بیٹھے ہوں۔