برٹش پاکستانی راج ولی خٹک ملکہ برطانیہ کی جانب سے برٹش ایمپائر میڈل کیلئے نامزد

June 15, 2021

برمنگھم( آصف محمود براہٹلوی) برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے اپنی محنت اور خدمت سے پاکستان کا نام روشن کردیا، خیبرپختونخوا کے لیے بڑا اعزاز پاکستان کے ضلع نوشہرہ کے علاقہ صالح خانہ سے تعلق رکھنے والے برٹش پاکستانی سیاست دان کونسلر راج ولی خٹک نے برطانیہ میں کمیونٹی خدمات پر پاکستان اور پاکستانیوں کا نام روشن کردیا ۔ کمیونٹی کے سال ہا سال بہترین خدمات کے اعتراف پر ملکہ برطانیہ کی جانب سے برٹش ایمپائر میڈل کے لیے نامزد ہوگئے ۔ جو جلد انکو ایک سرکار ی تقریب میں دیا جائے گا۔راج ولی خٹک گزشتہ کئی سالوں سے برطانیہ کے شہر السبری(Aylesbury) میں سیاست اور کمیونٹی ورک میں سرگرم کردار ادا کررہے ہیں، واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ کی جانب ہر سال مختلف شعبوں میں یہ ایوارڈ سول اور آرمی کے شخصیات کو انکی خدمات کے اعتراف میں دیے جاتے ہیں۔ اس سے کمیونیٹی کے لیے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور نوجوان نسل کے اندر کمیونٹی خدمت کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔ اس موقع پر زاہد محمود خٹک، عابد زمان خٹک، فائق الرحمٰن، بیرسٹر ماجد محمود سمیت دیگر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راج ولی خان صحیح معنوں میں اس ایوارڈ کے مستحق تھے۔