مہوش حیات بھی رض احمد کے اقدام کی معترف

June 15, 2021

تمغۂ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ مہوش حیات برطانوی اداکار رض احمد کی مسلمانوں کیلئے کوششوں کی معترف دکھائی دے رہی ہیں۔

انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے ماضی میں دیے گئے ایک بیان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مسلمانوں کیلئے غلط بیانی اور اس سے اسلامو فوبیا کو کس طرح اکسایا جارہا ہے یہ معاملہ میرے لئے ایک اذیت ناک امر ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’رض احمد نے مثبت اقدام کیا جسے دیکھ کر خوشی ہوئی، حقیقی طور پر یہ ایک بہترین لمحہ ہے۔‘

مہوش حیات نے لکھا کہ اب ہماری انڈسٹری کو بھی اس معاملے پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہالی ووڈ اور بالی ووڈ میں بھی ہمیں جیسے دکھایا جاتا ہے اس کیخلاف بولنے کی ضرورت ہے۔‘


انہوں نے لکھا کہ اب ہمیں پاکستان کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے بارے میں فلموں کی ضرورت ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں نے اوسلو میں 2019 میں اس چیز کی وکالت کی تھی۔

واضح رہے کہ برطانوی اداکار رِض احمد نے فلموں میں مسلمانوں کے دکھائے جانے والے انداز میں بہتری لانے کی کوشش کا آغاز کر دیا ہے۔

38 سالہ ادکار نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ مسلم اداکاروں، مصنفوں اور پروڈیوسرز کو فلم اور ٹی وی کے کاروبار میں شامل کرنے کے لیے فنڈ کی مدد سے ہمیں مسلمانوں کی بڑے پردے پر نمائندگی کے انداز کو بدلنا ہوگا۔