عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں شہبازشریف کے کیس کی سماعت روزانہ کی جائے، فواد چوہدری

June 15, 2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ شہباز شریف کے کیسز کو روز سنا جائے، شہباز شریف کے دو چار بڑے کیسز پر مستقل کارروائی کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں کہا کہ نادرا کے آڈٹ سسٹم سے انفارمیشن منسٹری کو رپورٹ پیش کی جاچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین جلد سے جلد الیکشن میں استعمال ہونا شروع ہو جائے گی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ای ووٹنگ کو یقینی بنایا جارہا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو سیاسی نظام کا حصہ تصور کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ضروری دینا چاہیے، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کیوں دینے دیا جائے تو مجھے حیرت ہوئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عدالتوں کا احترام ہے لیکن جس طرح نوازشریف بغیر گارنٹی باہر گئے اس کا دکھ ہے ، عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں شہبازشریف کے کیس کی سماعت روزانہ کی جائے، کیسز بنتے ہیں اور چھ چھ مہینے تاریخیں نہیں ملتیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پاکستان سے پیسہ لوٹا اور باہر لے گئے، لاہور گوالمنڈی میں پٹھو گرم کھیلنے والے لندن میں پولو کھیل رہے ہیں، یہاں سے منتیں کرکےگئے، باہر جا کر پولو میچ دیکھنے پر اب کیا کہا جائے، نواز شریف کے لندن میں عیاشی کرنے سے عوام کو دکھ ہے، نواز شریف نے پاکستان میں چمچے چھوڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اربوں روپیہ وفاق سےصوبوں کوجاتا ہے لیکن سندھ ڈویلپمنٹ کا پیسہ کہاں خرچ کر رہا ہے، ہر روز ہم دیکھتے ہیں کہ کراچی کے حالات برے ہو رہے ہیں،کراچی کو اس کا حق نہیں مل رہا، کراچی کے ساتھ ساتھ اندرون سندھ کا بھی برا حال ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بجٹ پرتنقید کرنے میں کوئی حرج نہیں لیکن تنقید اور توہین میں فرق ہوتا ہے، شہبازشریف اس توہین کی سربراہی کرتے ہیں،ن لیگ پھرگندی زبان اوربدتمیزی کرتی ہے، پارلیمنٹ میں بدتمیزی کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو غلط فہمی ہےکہ وہ جو بھی کریں گے وہ جمہوری رویہ ہوگا، اگر آپ ہمیں بات کرنے دیں گے تو آپ کو بھی بات کرنے دیں گے، اگر اپوزیشن حکومت کو بات کرنے دے گی تو تب ہی وہ خود بھی بات کر سکے گی، اپوزیشن بجٹ کو پڑھے اور پھر تجاویز ہمارے پاس لائے ہم سنیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ میں بجٹ آرہاہے ، فردوس شمیم نقوی نے مکمل شیڈو بجٹ دیا ہے،حکومت کو اپنی بات سنانے سے پہلے حکومت کی بات سننی پڑے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ کو جو پیسہ ملتا ہےاس کو باہر کےملکوں میں منی لانڈرنگ کےذریعے بھیجا جاتا ہے، وفاق صوبوں کو جو پیسہ دے گا اس میں میکنزم کے ذریعے شفافیت لائی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے کراچی ڈیفینس فیز8 میں نجی ہوٹل کی زمین پر اپارٹمنٹس کا معاملہ موخر کردیا ہے، سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ اس پر غیر قانونی قبضہ چھڑا یا جائے ،پاکستان کوسٹ گارڈز فاؤنڈیشن کے قیام پر فیصلہ موخر کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ محمد اویس کو ناروے حکومت کے حوالے کرنے کی منظوری دی ہے ، سینما بہت جلد کھول دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ سب سے بڑا پالیسی فیصلہ ہوگا، کیبل ڈیجیٹلائز ہونے کے بعد 900،950 چینلز ہوجائیں گے ،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چینلز کو لاسکیں گے۔