کراچی کو پیپلز پارٹی نے تعصب کی وجہ سے برباد کر دیا، مصطفیٰ کمال

June 16, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی کو پیپلز پارٹی نے اپنے تعصب کی وجہ سے برباد کر کے رکھ دیا ہے،سندھ حکومت کی ناقص ترین کارکردگی پر چیف جسٹس آف پاکستان کے ریمارکس نے پی ایس پی کے بیانیے پر مہر ثبت کر دی ہے۔ تعصب زدہ، کرپٹ اور نااہل سندھ حکومت آئین پاکستان کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اختیارات اور وسائل کو ذاتی جاگیر سمجھ کر اڑا رہی ہے جبکہ سندھ کی عوام کو بنیادی انسانی حقوق بھی حاصل نہیں، بالخصوص سندھ کے دارالخلافہ کراچی کو پیپلز پارٹی نے اپنے تعصب کی وجہ سے برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ دس سال دنیا میں تیزی سے ترقی کرتے شہروں میں شامل کراچی رہنے کے لائق بدترین 10 شہروں کی فہرست میں شامل ہوچکا ہے۔ پیپلز پارٹی کی تعصب زدہ سندھ حکومت نے نالوں کی صفائی میں جان بوجھ کر رخنہ ڈالا، مون سون کی بارشیں سر پر آن پہنچی لیکن پاکستان کو 70 فیصد اور سندھ کو 92 فیصد ریونیو دینے والے شہر کے نالے چوڑے نہیں ہوسکے کیونکہ کراچی کے چپے چپے پر قبضہ کرکہ بیچنے والے نااہل، کرپٹ، تعصب زدہ حکمران اینٹی انکروچمنٹ کے نام پر بے بس اور بے گھر عوام کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے تیار نہیں۔