• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’دی سمپسنز‘ نے 2026ء کیلئے کونسی کونسی پیش گوئیاں کر رکھی ہیں؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

طویل عرصے سے چلنے والی اینی میٹڈ سیریز دی سمپسنز کی حیران کن پیش گوئیوں نے ایک بار پھر انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا ہے۔

2026 کے حوالے سے سامنے آنے والی چونکا دینے والی مبینہ پیش گوئیوں نے صارفین کے درمیان نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

1989 سے نشر ہونے والی اس سیریز میں کئی بڑے عالمی واقعات کی بازگشت درست پیش گوئیوں کے سبب برسوں بعد بھی ہوتی رہی ہے۔ ان پیش گوئیوں میں جو بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ دونوں کے صدر بننے، ٹویٹر کے X میں تبدیل ہونے، لیڈی گاگا کی سپر باؤل کارکردگی، اور یہاں تک کہ COVID-19 کی پیش گوئی بھی شامل ہے۔

اب 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی شائقین نئے قسم کے سُپر فلو، مصنوعی ذہانت کے ذریعے ملازمتوں پر قبضہ، ایک اور عالمی جنگ، اسمارٹ گھروں اور حتیٰ کہ انسانوں سے خلائی مخلوق کے رابطے سے منسلک کہانیوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

دی سمپسنز کی 2026 سے متعلق پیش گوئیوں میں انٹرنیٹ صارفین کی دلچسپی عروج پر ہے اور یہ موضوع تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ آئیے جانتے ہیں، یہ کونسی پیش گوئیاں ہیں اور کب کب کی گئی ہیں۔

مصنوعی ذہانت کے ذریعے نوکریوں کے خاتمے کی پیش گوئی

سیزن 23 کی 2012 میں نشر ہونے والی قسط 17 Them, Robot میں اس خدشے کو دکھایا گیا تھا کہ مصنوعی ذہانت انسانی ملازمتوں کی جگہ لے لے گی۔ اس قسط میں مسٹر برنز اپنے تمام ملازمین کو نکال کر روبوٹس تعینات کر دیتے ہیں، تاہم جب روبوٹس ان کے خلاف ہو جاتے ہیں تو وہی برطرف کیے گئے کارکن انہیں بچاتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اکتوبر میں شائع ہونے والی ایک حالیہ تحقیق، جو چیٹ جی پی ٹی کے ڈیٹا پر مبنی بتائی جاتی ہے، کے مطابق آئندہ ایک دہائی میں امریکا میں مصنوعی ذہانت اور آٹومیشن کے باعث تقریباً 10 کروڑ ملازمتیں ختم ہو سکتی ہیں، جن میں وائٹ کالر اور بلیو کالر دونوں شامل ہیں۔

1994 کی قسط میں خلائی سیاحت کی پیش گوئی

1994 میں نشر ہونے والے سیزن 5 کی قسط Deep Space Homer کو بھی عوامی خلائی سفر کی پیش گوئی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس قسط میں ہومر سمپسن کو ناسا کی جانب سے خلا میں بھیجا جاتا ہے تاکہ عام لوگوں کے لیے خلائی سفر کو فروغ دیا جا سکے۔

حقیقت میں، حال ہی میں خواتین پر مشتمل ایک عملہ جس میں کیٹی پیری اور گیل کنگ بھی شامل تھیں، جیف بیزوس کی کمپنی بلیو اوریجن کے نیو شیپرڈ راکٹ کے ذریعے مختصر خلائی سفر پر گیا، جو خلائی سیاحت کا حصہ تھا۔

’سپر فلو‘ کی پیش گوئی

دی سمپسنز کی 1993 کی قسط Marge in Chains میں ایک فرضی وائرس دکھایا گیا تھا جو جاپان سے آنے والے سامان کے ذریعے اسپرنگ فیلڈ میں پھیلتا ہے۔ اس قسط نے 2020 کے کوویِڈ-19 کے دوران خاصی توجہ حاصل کی تھی۔

اب امریکا میں ایک نئے ’سپر فلو‘ کے پھیلاؤ کے باعث ایک بار پھر یہ قسط زیرِ بحث ہے۔ امریکی ادارہ برائے انسدادِ امراض (CDC) کے مطابق، امریکا کو گزشتہ تقریباً تین دہائیوں میں متعدی بیماریوں کے بدترین پھیلاؤ کا سامنا ہے۔

اسمارٹ ہومز اور خطرناک ٹیکنالوجی

1989 میں شروع ہونے والا یہ مشہور شو اسمارٹ گھروں کا تصور بھی پیش کر چکا ہے۔ سیزن 13 کی قسط Treehouse of Horror XII میں سمپسن خاندان ایک ایسے گھر میں منتقل ہوتا ہے جو آواز کے ذریعے کنٹرول ہوتا ہے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ وہ گھر خطرناک رویہ اختیار کر لیتا ہے۔

خلائی مخلوق سے رابطے کی پیش گوئی

1997 کی قسط The Springfield Files میں ہومر ایک خلائی مخلوق دیکھنے کا دعویٰ کرتا ہے، جس کی تفتیش کے لیے ایف بی آئی کے دو ایجنٹس آتے ہیں۔ موجودہ دور میں خلائی مخلوق سے متعلق بڑھتی ہوئی بحث کے تناظر میں اس قسط کو بھی خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔

عالمی جنگ کا خدشہ

دی سمپسنز میں کئی بار تیسری عالمی جنگ کا ذکر کیا گیا ہے، جسے شائقین سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ 1995 کی قسط Lisa’s Wedding میں مستقبل میں ہونے والے ایک اور عالمی تنازع کا اشارہ دیا گیا تھا، جبکہ 2005 کی قسط Thank God, It’s Doomsday میں ہومر دنیا کے خاتمے پر یقین رکھتا نظر آتا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید