جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹین نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا عالمی نظام تباہ کر رہا ہے، امریکی خارجہ پالیسی دنیا کے قائم شدہ عالمی نظام کو تباہ کر رہی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا کو لٹیروں کے ٹھکانے میں تبدیل ہونے سے بچانا چاہیے، روس کا کرائمیا الحاق اور یوکرین پر حملے کے بعد اب امریکا کی حالیہ پالیسی نے بین الاقوامی اقدار اور جمہوریت کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔
جرمن صدر کا کہنا تھا کہ اگر عالمی قوانین اور اتحاد کو مضبوط نہ رکھا گیا تو مضبوط طاقتیں چھوٹے ممالک کو اپنی مرضی کے تابع کرلیں گی۔
دوسری جانب ایک سروے میں جرمن عوام میں امریکا کے قابل اعتماد اتحادی نہ رہنے کی رائے میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے ممالک پر امریکی فوجی حملے یا جارحیت کا حکم دینے کا مکمل اختیار رکھتا ہوں۔
اپنے ایک بیان امریکی صدر نے کہا کہ بحیثیت کمانڈر اِن چیف اپنے اختیارات کی حد کا فیصلہ کرنے والا میں خود ہی ہوں، جو واحد چیز مجھے روک سکتی ہے وہ میری اپنی اخلاقیات اور میرا اپنا دماغ ہے۔