پاکستان اوور سیز ویلفیر کونسل کی جانب سے احسن اقبال کے بیان کی مذمت

June 18, 2021

بریڈفورڈ (نمائندہ جنگ ) پاکستان اوورسیز ویلفیئر کونسل برطانیہ کے مرکزی رہنماؤں اور پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے عہدیداروں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے اس بیان کی مذمت کی ہے ، جس میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ یا امریکہ میں رہنے والے اوور سیز پاکستانیوں کو پاکستان کے مسائل کے بارے میں کچھ نہیں پتہ،انہوں نے کہا کہ احسن اقبال ایک طرف اوورسیز پاکستانیوں کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں جب کہ دوسری طرف ان کے لیڈر نواز شریف لندن میں بیٹھ کر ایک بڑی سیاسی پارٹی چلا رہے ہیں جبکہ میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری اپنے دور حکومت میں پاکستان سے ہر سال منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھیجنے میں ملوث رہے ہیں، جس سے پاکستان کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا جب کہ دوسری طرف اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے خون پسینے کی کمائی سے پاکستان میں قانونی طریقے سے پچھلے گیارہ ماہ میں 29 بلین ڈالر کی خطیر ترسیلات بھیج کر پاکستان کی معیشت کو مستحکم کیا ہے، اوور سیز پاکستانیوں کو اپنے حقوق حاصل کرنے سے اب احسن اقبال تو کیا دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ووٹ کے حق کے ساتھ ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی پارلیمنٹ میں نمائندگی دینے کے لئے بھی قانون سازی کی جائے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے موثر انداز میں آواز اٹھائی جا سکے۔