وزیرِ اعظم نے صرف 28 غیر ملکی دورے کیئے ہیں: اعجاز چوہدری

June 18, 2021


حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ اب تک وزیرِ اعظم عمران خان نے صرف 28 غیر ملکی دورے کیئے ہیں جن پرخرچہ صرف 1 اعشاریہ 3 ملین ڈالر آیا ہے۔

سینیٹ کے اجلاس میں بجٹ پر ہونے والی بحث میں حصہ لیتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا کہ بجٹ کے ذریعے کسان کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کسان سال میں 2 بار ڈیڑھ لاکھ روپے قرضہ لے سکے گا، ملک میں 29 لاکھ لوگ ٹیکس ریٹرنز جمع کراتے ہیں۔

اعجاز چوہدری نے بتایا کہ ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے والے 71 فیصد افراد 5 لاکھ روپے سے کم آمدن ظاہر کرتے ہیں، 44 ہزار افراد ٹیکس ریٹرنز میں آمدن 70 لاکھ سے زیادہ ظاہر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے دور میں وزیرِ اعظم کا رائیونڈ میں کیمپ آفس تھا، اس کیمپ آفس کا خرچہ 4 اعشاریہ 30 ارب روپے تھا، جس میں 2 ہزار 717 سیکیورٹی اہلکار تعینات تھے۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے وزیرِاعظم کے لاہور میں 3 اور ملتان میں 2 کیمپ آفس تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر کے 134 بیرونِ ملک دوروں پر 11 اعشاریہ 73 ملین ڈالر خرچ ہوئے۔

اعجاز چوہدری نے بتایا کہ مسلم لیگ نون کے وزیرِاعظم کے 92 دوروں پر 17 اعشاریہ 7 ملین ڈالر خرچ ہوئے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اب تک صرف 28 غیر ملکی دورے کیئے ہیں جن پر خرچہ صرف 1 اعشاریہ 3 ملین ڈالر آیا۔

اعجازچوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان دوروں کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان کو ایک گھڑی اور ایک گولڈ پلیٹڈ بندوق ملی جو انہوں نے توشہ خانے میں جمع کرا دی۔