• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا آج کل سیاسی بے روزگاری کا شکارہیں: اعجاز چوہدری

سینیٹ میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے سیاسی یتیموں کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے، مولانا فضل الرحمٰن اقتدار سے باہر ہیں اور آج کل سیاسی بے روزگاری کا شکار ہیں۔

جاری کیئے گئے ایک بیان کے ذریعے پی ڈی ایم کے اجلاس پر تنقید کرتے ہوئے سینیٹ میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر اعجاز چوہدری نے یہ بات کہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ شہباز شریف جتنی مرضی شعبدہ بازیاں کر لیں نون لیگ کے بکھرے شیرازے کو اکٹھا کرنے میں ناکام ہی ہوں گے۔

اعجاز چوہدری نے کہا کہ پی ڈی ایم 100 اجلاس بھی کر لے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا، مولانا فضل الرحمٰن اقتدار سے باہر ہیں اور آج کل سیاسی بے روزگاری کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کا سیاسی میدان میں پوری قوت سے مقابلہ کرے گی۔

سینیٹ میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں سر سے لے کر پاؤں تک کرپٹ ہیں۔

اعجاز چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ چچا اور بھتیجی کی سیاست سے نون لیگی تذبذب کا شکار ہیں۔

تازہ ترین