ایرانی جج ابراہیم رئیسی صدارتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب

June 20, 2021

تہران (اے ایف پی /جنگ نیوز )ایران کے صدارتی انتخاب کے سرکاری نتائج کا اعلان ہونے میں قدرے تاخیر ہوئی ہے لیکن غیر سرکاری نتائج کے مطابق قدامت پسند شخصیت اور صدارتی امیدوار ابراہیم رئیسی نے دیگر تین امیدواروں کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق صدارتی انتخاب کے دیگر تینوں امیدواروں نے ابراہیم رئیسی کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی پیش کردی۔سبکدوش ہونے والے اعتدال پسند صدر حسن روحانی نے ابراہیم رئیسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ʼمیں لوگوں کو ان کی پسند پر مبارکباد دیتا ہوں۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے ابراہیم رئیسی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک ٹویٹ کیا کہ ’اسلامی جمہوریہ ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات میں تاریخی فتح سمیٹنے پر میں عزت مآب برادر ابراھیم رئیسی کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے نومنتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پر انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابراہیم رئیسی قتل، اذیت اور جبری گمشدگیوں جیسے جرائم میں ملوث ہیں۔

ابراہیم رئیسی کی ایرانی انتخابات میں کامیابی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ایمنسٹی انٹرنیشنل نے رپورٹ جاری کی ہے جس میں ان کے خلاف تحقیقات نہ ہونے اور صدارتی عہدے تک پہنچنے کی مذمت کی گئی ہے۔