وزیراعلیٰ کیخلاف مقدمہ درج نہ ہوا تو عدالت جائیں گے، اپوزیشن

June 20, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)متحدہ اپوزیشن کے رہنمائوں نے وزیراعلیٰ کیخلاف مقدمہ درج نہ کئے جانے کی صورت میں عدالت سے رجوع کرنے اور بلوچستان اسمبلی کے بجٹ سیشن کےبائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اسمبلی کے احاطے میں اپنا اجلاس منعقد کرکے حکومت کے کارنامے عوام کے سامنے لائیں گی۔

25 جون کے بعد صوبے میں شٹر ڈاؤن کا اعلان اورمتحدہ اپوزیشن میں شامل جماعتوں کے رہنمائوں کو اعتماد میں لیکر وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔

اسمبلی کے احاطے میں اپنا اجلاس کرکے حکومت کے کارنامے عوام کے سامنے لائیں گے،حکومت نے نہتے اپوزیشن ارکان پر چڑھائی کی ان لوگوں کا صوبے کی روایات سے کوئی تعلق نہیں انہیں سلیکٹ کرکے صوبے پر مسلط کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہارجمعیت علماءاسلام کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع،پشتونخوامیپ کے رہنما و سابق صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال اوربی این پی کے قائم مقام صدر ملک عبدالوالی کاکڑ نے ہفتہ کو جمعیت علما اسلام کے صوبائی سیکرٹریٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ نواب محمد اسلم رئیسانی، بلوچستا ن نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی ، ارکان اسمبلی حاجی نواز کاکڑ ، میر حمل کلمتی ، میر زابد ریکی ، نصراللہ زیرے ، ثناء بلوچ ، اختر حسین لانگو ، سیدعزیز اللّٰہ آغا ، اصغر ترین ، عبدالواحد صدیقی نیشنل پارٹی کے عبدالخالق بلوچ، جمعیت اہلحدیث کے عصمت اللہ سالم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔