ڈی جی ٹی اوپر لگائےگئے الزامات بے بنیادہیں،مرزاعبدالرحمان

June 20, 2021

پشاور(جنگ نیوز)بزنس مین پینل کے مرکزی رہنما و کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی مرزا عبدالرحمن نے یو بی جی کی جانب سے ڈی جی ٹی او پر لگائے بے بنیاد الزامات کے ردعمل میں کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ اور ان کی ٹیم کا ماضی واضح ثبوت ہے کہ وہ رشوت کے ذریعے اپنے کام کرانیکی کوشش کرتے ہیں اگر کوئی ان ایماندار اور فرض شناس افسر ان کی مرضی کے مطابق فیصلے نہ دے تو اس کیخلاف جھوٹے و من گھڑت پروپیگنڈے کرکے محاذ کھول دیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ ڈی جی ٹی او نے ایف پی سی سی آئی الیکشن کے حوالے سے تمام فیصلے میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کیے جو یو بی جی کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کو پسند نہ آئے حالانکہ یو بی جی کے لیڈروں نے ڈی جی ٹی او پر مختلف ذرائع سے خوب دبائو بھی ڈالا مگر ان کی تمام چالیں بے سود رہیں یہی وجہ ہے یوبی جی کی ٹیم اب ڈی جی ٹی او کیخلاف جھوٹے اور من گھڑت پروپیگنڈے کرکے اپنی عزت بچانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے ۔ مرزا عبدالرحمن نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں بزنس مین پینل کے امیدوار میاں ناصر حیات مگواورپینل کی واضح اکثریت سے کامیابی نے یو بی جی کے نام نہاد لیڈروں کی نیندیں اڑا کر رکھ دی ہیں ۔ بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار کی قیادت میں ایف پی سی سی آئی اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی گزشتہ سال سے اپنی عزت و وقار حاصل کر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومتی ایوانوں سے لیکر اداروں تک کے سربراہ ایف پی سی سی آئی کی قیادت کیساتھ ملکر ملکی معیشت کی ترقی اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کوششیں کر رہے ہیں ۔