کوئٹہ:اپوزیشن کے 14 اراکین اسمبلی گرفتاری دینے کیلئے کل سے تھانے میں موجود

June 22, 2021

بلوچستان میں اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 14 اراکین اسمبلی تاحال کوئٹہ کے تھانہ بجلی روڈ میں موجود ہیں، اپوزیشن اراکین اسمبلی گزشتہ روز گرفتاری دینے تھانہ بجلی روڈ پہنچے تھے۔

اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنےوالے 17 اراکین اسمبلی کے خلاف 18 جون کو اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کےحوالے سے مقدمہ درج ہے، اسی حوالے سے وہ گزشتہ روز گرفتاری دینے تھانہ بجلی روڈ پہنچے تھے، تاہم اراکین کو گرفتاری کی پیشکش کے باوجود گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔

نامزد 17 اراکین میں سے ایک رکن اسمبلی عبدالواحد صدیقی زخمی ہونے کے بعد علاج کی وجہ سے تھانے نہیں پہنچے تھے جبکہ ایک اور رکن اسمبلی نصراللّٰہ پارٹی رہنماء عثمان کاکڑ کےانتقال کی خبر سن کر تھانے سے چلے گئے تھے۔

اسی طرح ایف آئی آر میں نامزد ایک خاتون رکن اسمبلی رات کو تھانے سے گھر چلی گئی تھیں۔

اس سے قبل رات گئے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو کی قیادت میں حکومتی اراکین اسمبلی کا ایک وفد تھانے پہنچا تھا، تاہم ان کے اصرار کے باوجود اپوزیشن اراکین نے تھانے سے جانے سے انکار کر دیا تھا۔