بجٹ پیش کرتے وقت اپوزیشن احتجاج کرتی تو بہتر ہوتا، بشریٰ رند

June 22, 2021

پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات بشریٰ رند کا کہنا ہے کہ بجٹ پیش کرتے وقت اپوزیشن احتجاج کرتی تو بہتر ہوتا، وزیراعلیٰ جام کمال نے اپوزیشن سے کہا ہے کہ ہنگامہ آرائی پر ایوان سے معافی مانگیں، مذاکرات کریں، بلیک میل نہ کریں۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات بشریٰ رند نے کہا کہ اپوزیشن بجٹ کتاب کھول کر اسمبلی میں احتجاج کرتی تو سمجھ آتا، اپوزیشن کو بجٹ سے متعلق کچھ علم نہیں تھا، اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کو پورا کرنا چاہتی تھی۔

انہوں نے کہاکہ حکومت مضبوط ہے، حکومت کو بلیک میلنگ سے فرق نہیں پڑے گا، تین دن اپوزیشن نے سڑکیں بند کیں، اگر ہم چاہتے تو پہلے دن ہی طاقت استعمال کرسکتے تھے۔

بشریٰ رند نے کہاکہ اپوزیشن کی اسمبلی احاطے میں ہنگامہ آرائی کی ویڈیوز موجود ہیں، اپوزیشن نے اسمبلی یرغمال بنالی، اسمبلی کو تالے ڈال دیئے تھے۔