پی ایس ایل6، فائنل سے قبل پشاور زلمی کو بڑا دھچکا

June 24, 2021


پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں پشاور زلمی کو بڑا دھچکا لگ گیا۔

پشاور زلمی کےحیدر علی اور عمید آصف کو بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر معطل کردیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے فائنل میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حیدر علی دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے باہر ہو گئے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نےبائیو سیکور ببل سےباہرافراد سےملاقات کی اورسماجی فاصلہ نہ رکھا، دونوں کرکٹرز اپنے اسکواڈ میں شامل کسی دوسرے رکن سے نہیں ملے۔

حیدر علی اور عمید آصف دونوں کرکٹرز کو روم آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کا فائنل آج ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔

ملتان سلطانز پہلی بار پی ایس ایل کا فائنل کھیلے گی جبکہ پشاور زلمی چوتھی مرتبہ فائنل کھیلنے جارہی ہے۔

دونوں ٹیمیں پی ایس ایل تاریخ میں 8 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں۔ ان مقابلوں میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 5 مرتبہ مات دی جبکہ 3 مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ایس ایل سیزن 6 میں دونوں ٹیمیں 2 بار مدمقابل آئیں، ایک میں سلطانز جیتے تو دوسرے میں زلمی نے بازی ماری۔

فیصلہ کن معرکہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سپر اس فائنل کو براہ راست نشر کرے گا۔