فائزر کے ساتھ ساتھ پاکستان کو موڈرنا کی میسنجر آر این اے ویکسین ملنے کا امکان پیدا ہو گیا

June 24, 2021

کورونا وائرس کی ویکسین کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اب پاکستان کو فائزر کے ساتھ ساتھ موڈرنا کی میسنجر آر این اے ویکسین بھی ملنے کا امکان پیدا ہوگیا۔

وزارت صحت حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو موڈرنا کی کی ایم آر این اے ویکسین کوویکس کے ذریعے مل سکتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کوویکس کے ذریعے موڈرنا ویکسین کی مقدار پر بات چیت جاری ہے۔

وزارت صحت نے موڈرنا ویکسین کے پاکستان میں استعمال سے متعلق ڈریپ سے رائے طلب کرلی۔

ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور یورپی یونین میں منظور شدہ ویکسینز حکومتی سطح پر منگوائی جا سکتی ہیں، ڈبلیو ایچ او سے منظور ویکسین منگوانے کے لیے ہنگامی استعمال کے اجازت نامے کی ضرورت نہیں۔

ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ موڈرنا کی ایم آر این اے ویکسین دو ڈوزز پر مشتمل ہے، موڈرنا ویکسین ذیابطیس، بلڈ پریشر، دمے، پھیپھڑوں، جگر اور گردوں کے مریضوں کو لگائی جاسکتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ موڈرنا ویکسین کورونا وائرس کے خلاف 92 فیصد تک موثر ہے، موڈرنا ویکسین کورونا وائرس کے مختلف اقسام کے خلاف بھی موثر ہے۔