فواد چوہدری نے پاک انگلینڈ سیریز سے متعلق خوشخبری سُنا دی

June 25, 2021

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پاکستان اور انگلینڈ کے مابین سیریز نشر کیے جانے سے متعلق خوشخبری سُنا دی۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں ملتان سلطانز کو نیا چمپئین بننے پر بہت مبارک دی۔

وفاقی وزیر نے لکھا کہ رضوان، بابر اعظم اور پاکستانی ہیروز کے ساتھ ان تمام غیر ملکی ہیروز کا بھی شکریہ جنہوں نے کرکٹ کا یہ شاندار میلہ سجایا، اب اگلا میلہ سجنے کو ہے۔

فواد چوہدری نے شائقین کرکٹ کو خوشخبری سنائی کہ ہم نے انگلینڈ پاکستان سیریز دکھانے کا مسئلہ حل کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری کا اس سے قبل کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی نے انگلینڈ پاکستان کرکٹ سیریز دکھانے کے لئے اسٹار اور سونی سے معاہدہ کرنے کی اجازت طلب کی تھی، اسے مسترد کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت تک کسی بھی بھارتی کمپنی سے کاروبار نہیں کر سکتے جب تک بھارت پانچ اگست کا فیصلہ واپس نہیں لے لیتا، ہم کرکٹ سیریز پاکستان میں نہیں دکھا پائیں گے کیونکہ جنوبی ایشیاءکے تمام رائٹس (حقوق)بھارتی کمپنیوں کے پاس ہیں۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کریں گے کہ اس بارے میں کوئی متبادل راستہ نکل سکے۔ مستقبل میں کرکٹ ٹورنامنٹس کے بارے میں ہمیں مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن اس کے حل کے لئے ہم کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز 8 جولائی سے شروع ہوگی جس میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔