یہ ہمارا سال تھا ہی نہیں، شعیب ملک کا فائنل میں شکست پر ردعمل

June 25, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر کرکٹر اور پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے شعیب ملک کا کہنا ہے کہ یہ سال پی ایس ایل کیلئے ہمارا تھا ہی نہیں۔

شعیب ملک نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ شاندار کھیل پیش کرنے والی ملتان سلطانز ہی جیت کی اصل حقدار تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس سال چیمپئن بننا ہمارے لیے تھا ہی نہیں لیکن ایک شاندار ٹیم کے مقابل کھیل کر بہت اچھا محسوس ہورہا ہے۔

شعیب ملک نے لکھا کہ اگلے سال ہم زیادہ مضبوط ہو کر پی ایس ایل میں واپسی کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے فائنل میں ملتان سلطانز کے 207 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 159رنز بناسکی، پشاور کی جانب سے سب سے نمایاں کھلاڑی شعیب ملک رہے۔

شعیب ملک نے 28 گیندوں پر 48 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔