سارہ اور فلک کی ’زندگی‘ ریلیز

July 17, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑے سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر کا پہلا گانا ’زندگی‘ ریلیز ہوگیا۔

سارہ خان اور فلک شبیر کی شادی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اُن کا پہلا گانا ’زندگی‘ جاری کیا گیا ہے جس کی اطلاع اس جوڑی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے دی ہے۔

اس ضمن میں سارہ خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے اور فلک کے پہلے گانے ’زندگی‘ کا پوسٹر شیئر کیا۔

سارہ خان نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بتایا کہ ’اُن کا اور فلک کا پہلا گانا ’زندگی‘ ریلیز ہوگیا ہے۔‘

دوسری جانب فلک شبیر نے بھی اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے اور سارہ خان کے گانے کی مختصر ویڈیو کلپ شیئر کی۔


گلوکار نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں سارہ خان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’شادی کی پہلی سالگرہ مبارک ہو۔‘

سارہ خان اور فلک شبیر کے لاکھوں مداحوں کی جانب سے اُن کے اس نئے گانے کو بہت پسند کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سارہ خان اور فلک شبیر نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وہ بہت جلد اپنے مداحوں کو سرپرائز دینے والے ہیں جس کے لیے وہ بہت پُرجوش ہیں اور ہمیں اُمید ہے کہ سرپرائز سے مداح بھی خوش ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 17 جولائی کو اداکارہ سارہ خان اور نامور گلوکار فلک شبیر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شوبز انڈسٹری کی اس جوڑی کو 2020ء کی بہترین جوڑی قرار دیا گیا تھا۔