• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارہ اور فلک مداحوں کو کونسا سرپرائز دینے والے ہیں؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی سارہ خان اور فلک شبیر نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد اپنے مداحوں کو سرپرائز دینے والے ہیں۔

گزشتہ روز سارہ خان کے سُپر ہٹ ڈرامہ سیریل ’رقصِ بسمل‘ کی آخری قسط نشر کی گئی تھی جسے پاکستان سمیت بھارت میں بھی خوب مقبولیت حاصل ہوئی۔

اس موقع پر سارہ خان نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا۔

سارہ خان نے کہا کہ ’وہ بہت خوش ہیں کہ اُن کے ڈرامہ کا اختتام بہت اچھا ہوا اور تمام مداحوں کو پسند آیا۔‘

اداکارہ نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’میری اور فلک کی طرف سے ہماری شادی کی پہلی سالگرہ پر ہمارے مداحوں کے لیے ایک خاص سرپرائز ہے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اپنے مداحوں کو یہ سرپرائز دینے کے لیے بہت پُرجوش ہیں اور ہمیں اُمید ہے کہ آپ بھی خوش ہوں گے۔‘

خیال رہے کہ سارہ خان اور فلک شبیر کے ہاں بہت جلد ننھے مہمان کی آمد بھی متوقع ہے جس کا اعلان اُنہوں نے گزشتہ ماہ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کیا تھا۔

واضح رہے کہ سارہ خان کو اُن کے کردار زہرہ کی وجہ سے پاکستان سمیت بھارت میں خوب شہرت مل رہی ہے، یہ کردار اُنہوں نے ڈرامہ سیریل ’رقصِ بسمل‘ میں ادا کیا تھا جو کہ ایک نجی ٹی چینل سے نشر کیا گیا تھا۔

تازہ ترین