حکومت فیل ہوچکی، ملک ایسے نہیں چل سکتا، شہباز شریف

July 17, 2021

صدر مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت فیل ہوچکی، ملک اس طرح نہیں چل سکتا ہے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت فیل ہوچکی ہے، ملک اس طرح نہیں چل سکتا، پاکستان کے عوام کی سزا ختم ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بدترین کارکردگی دکھانے والے سمجھتے ہیں کشمیر کے عوام کو سب نظر نہیں آرہا ہے۔

ن لیگی صدر نے مزید کہا کہ حکومت نے آزاد کشمیر میں بدکلامی کے بعد نوٹ چلانے کی کوشش کی اور آخر میں گولی چلادی۔

اُن کا کہنا تھاکہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری دینے والے آزاد کشمیر میں صرف دھوکہ دے سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی، قرض، بے روزگاری، معاشی تباہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر قیمتوں میں اضافہ حکومت کا تاریخی مہنگائی کا اعتراف ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا تو حکومت نے اپنے زیر کنٹرول ادارے میں قیمتیں کیوں بڑھائیں؟