وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کا سیاسی قد نہیں ہے کہ ان پر تبصرہ کیا جائے۔
جیونیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران فواد چوہدری نے کہاکہ مریم نواز اور بلاول بھٹو کی حیثیت کیا ہے؟ انہوں نے کیا کیا ہے؟۔
ن لیگ اور پی پی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو کبھی بازار نہیں گئے، انہوں نے خریداری تک نہیں کی۔
انہوں نے کہاکہ مریم اور بلاول کا کوئی سیاسی قد نہیں ہے کہ تبصرہ کیا جائے، ان کا عوام سے کیا تعلق ہے؟، ان کی پاکستان میں کیا سیاست ہے؟
فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز یا بلاول بھٹو نے کشمیر میں مہم تو چلائی ہے لیکن انہیں اپنے امیدواروں کے نام بھی معلوم نہیں ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی پی قیادت نے آزاد کشمیر میں غیر سنجیدہ انتخابی مہم چلائی ہے، آزاد کشمیرمیں جتنے بھی جلسے ہوئے، صرف ایک سنجیدہ تقریر ہوئی، وہ عمران خان نے کی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے 45 حلقوں میں الیکشن ہوں گے، وہاں ن لیگ 8 جبکہ پی پی 15 حلقوں سے انتخاب لڑرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو تمام حلقوں میں الیکشن لڑرہی ہے، ان کو معلوم ہےکہ یہ الیکشن ہار جائیں گے اس لیے دھاندلی کا بیانیہ دے رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جماعتیں الیکشن ریفارمز کے لیے سنجیدہ ہی نہیں ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جہاں پر مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، وہیں آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے، چینی کی قیمت بڑھی ہے وہیں کسان کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔