کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کے لیے امریکا مالی، لاجسٹک اور سفارتی شرائط پوری کرے، ترک صدر

July 20, 2021

ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شرائط پوری کرے جس میں مالی، لاجسٹک اور سفارتی مدد شامل ہے تاکہ ترکی افغانستان سے دیگر غیر ملکی فوجوں کے انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ کا انتظام چلا سکے اور اس کی حفاظت کر سکے۔

رجب طیب اردووان نے شمالی قبرص میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کو تحفظات ہیں لیکن انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود ترکی اس مشن کو اس وقت تک انجام دے گا جب تک کہ نیٹو کا شراکت دار امریکا، ترکی کی تین مخصوص ضروریات کو پورا کرے۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر ان شرائط کو پورا کیا گیا تو کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں‘۔

انہوں نے ترکی کے لیے سفارتی حمایت کے ساتھ ساتھ افغانستان میں سہولیات اور رسد کے امریکی حصول کی فہرست بھی درج کی۔