معروف صحافی عارف نظامی انتقال کرگئے

July 21, 2021

ملک کے سینئر معروف صحافی اور سابقہ نگراں حکومت کے وفاقی وزیر عارف نظامی انتقال کرگئے۔

اہل خانہ کےمطابق سینئر صحافی عارف نظامی عارضہ قلب میں مبتلاتھے اور دو ہفتے سے مقامی اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج تھے ۔

وزیر اعظم عمران خان نے عارف نظامی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللّٰہ مرحوم کے درجات بلند کرے اور ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

صدرمملکت عارف علوی نے بھی سینئرصحافی عارف نظامی کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عارف نظامی کی صحافت کےشعبے میں گراں قدرخدمات کو ياد رکھاجائےگا۔

انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے عارف نظامی مرحوم کے گھر آ کر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے بھی سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عارف نظامی نے اپنے والد حمید نظامی کے انتقال کے بعد گراں قدرصحافتی خدمات انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم عارف نظامی ایک سچے محب وطن تھے، عارف نظامی کے والد اور میرے والد نے تحریک آزادی میں مل کرکام کیا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اورسوگوارخاندان کو صبرعطا فرمائے۔

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عارف نظامی کی وفات سے صحافت کا روشن اور درخشاں باب بند ہوگیا ، عارف نظامی اعلی پائےکےصحافی تھے، شعبہ صحافت میں نئی جہتیں متعارف کرائیں۔

سینیٹرشیری رحمان نے بھی ان کےانتقال پراظہارافسوس کیا اور کہا کہ عارف نظامی پاکستان کی صحافت کامعتبرنام اورپائےکی شخصیت تھے، ان کےانتقال کاسن کرشدید افسوس ہوا، عارف نظامی آزاد صحافت اور آزادی اظہار کے علم بردار تھے، اللہ تعالی عارف نظامی کے درجات بلند کرے۔

عارف نظامی ملک کے نامور صحافیوں میں سے ایک تھے نیز 2013 میں نگراں وزیر اطلاعات کے عہدے پر بھی فائز رہے۔