پی پی 38: ن لیگی ارکان اسمبلی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، فردوس اعوان

July 21, 2021

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی پی 38 ضمنی انتخاب میں ن لیگی ارکان اسمبلی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایکشن لے، ن لیگی درباری پی پی 38 کی 15یونین کونسلوں میں بریف کیس لیکر دھکے کھارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان و حکومت کے خلاف الزامات اور بد زبانی کے باعث انہیں اپنی سیٹ جاتی نظر آرہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جعلی راجکماری اور کنیزیں آزاد کشمیر کے الیکشن میں غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہی ہیں، مریم صفدر دشمن کے ہاتھوں کھلونا بن چکیں، یہ خاندان پاکستان کو نقصان پہنچانے کے در پہ ہے۔